Sunday, September 8, 2024

سانحہ مری میں حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں توڑ دیں، حمزہ شہباز

سانحہ مری میں حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں توڑ دیں، حمزہ شہباز
January 21, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز پنجاب اور وفاقی حکومت پر برس پڑے، کہا کہ سانحہ مری میں حکمرانوں نے بے حسی کی تمام حدیں توڑ دیں۔

جمعہ کے روز اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار رپورٹ اس طرح بتا رہے تھے جیسے بڑا تیر مارا۔ لوگ مدد مانگ رہے تھے، وسیم اکرم پلس تنظیم سازی کا اجلاس کررہے تھے۔ مزید کہا کان کھول کر سن لو! سانحہ مری پر مٹی نہیں ڈالنے دیں گے۔

حمزہ شہباز نے کہا آپ کہتے ہیں مہنگائی کم ہے، پاکستان دنیا میں تیسرا مہنگا ترین ملک بن گیا، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا۔ یہی وزیراعظم کہتا تھا قرضے لینے کے بجائے خودکشی کرلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے چیخنے کی ضرورت نہیں، لوگوں کے دکھ دیکھ کر چیخنا پڑتا ہے، عمران نیازی کو چار سال بعد بھی شریف فیملی کی یاد ستاتی ہے۔ ہم سے انتقام لیا، کوئی بات نہیں جو انتقام عوام سے لیا اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ مائنس فور کی باتیں سن سن کر کان پک گئے، اب مائنس نیازی ہونا چاہیے۔ آپ کو پتلی گلی سے نکلنے نہیں دیں گے آپ کو حساب دینا پڑے گا۔