Sunday, September 8, 2024

سانحہ مری میں غفلت پر کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15افسر معطل

سانحہ مری میں غفلت پر کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15افسر معطل
January 19, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ پر سانحہ مری میں غفلت پر کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت 15افسر کو معطل کرتے ہوئے کارروائی کا حکم بھی جاری کردیا۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے انہوں نے افسروں کیخلاف کارروائی کا وعدہ پورا کردیا ہے۔

اے ایس پی مری اور ڈی ایس پی ٹریفک مری کو بھی معطل کر دیا گیا، ریسکیو1122مری کے انچارج اور دیگر افسروں کو بھی ہٹادیا گیا۔

تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق افسران نے صورتحال کو سنجیدہ لیا نہ کسی پلان پر عملدرآمد کیا، افسران تمام مینجمنٹ واٹس ایپ پر کرتے رہے، کئی افسران نے واٹس ایپ میسجز بھی تاخیر سے دیکھے۔

رپورٹ میں سی پی او، سی ٹی او مری بھی غفلت کے ذمہ دار قرار پائے، محکمہ جنگلات، ریسکیو 1122 کا مقامی آفس بھی ڈلیور نہ کرسکا، ہائی وے محکمہ بھی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہا، سانحہ مری انتظامیہ کی کوتاہی سے ہوا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ کو سانحہ مری کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی جس میں تمام متعلقہ محکموں کی غفلت ثابت ہوگئی۔