Friday, May 17, 2024

سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد حقائق سامنے لائے، وزیراعظم عمران خان

سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد حقائق سامنے لائے، وزیراعظم عمران خان
January 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کی تحقیقاتی کمیٹی جلد از جلد حقائق سامنے لائے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے سانحہ مری اور مشیر پارلیمانی اُمور بابراعوان نے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی۔

وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے ترجمانوں کو آگاہ کیا، شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل کمی آرہی ہے۔

وزیراعظم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری کے سارے معاملے کو جدید طریقے سے ہینڈل کیا جائے، تمام چیزوں کو ریگولیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے استفسار کیا کہ کیا بروقت اقدامات سے سانحہ مری کو روکا جا سکتا تھا؟، انہوں نے مری میں رہائش کی کمی دور کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

اُنہوں نے مزید کہا فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کو تمام رسیدیں فراہم کرچکے ہیں، اسکروٹنی کمیٹی نے ہمیں کلیئرکردیا، باقی سیاسی پارٹیاں بھی رسیدیں دیں۔

وزیرداخلہ شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری صورتحال کے دوران انتظامیہ اور پولیس نے بہترین کام کیا، شام 5 بجے ہی مری جانے والے راستے بند کردیئے تھے۔ حالات پولیس کے کنٹرول سے باہر تھے، رینجرز طلب کرنا پڑی۔

وزیراعظم عمران خان نے مری ریسکیو آپریشن میں سول اداروں اور فوج کی کاوشوں کی تعریف کی۔