Saturday, May 18, 2024

سانحہ مری کے چوتھے روز بھی فضا سوگوار

سانحہ مری کے چوتھے روز بھی فضا سوگوار
January 11, 2022 ویب ڈیسک

مری (92 نیوز) سانحہ مری کے چوتھے روز بھی فضا سوگوار ہے۔ ملکہ کوہسار کے ہوٹلز اور فلیٹس سیاحوں سے خالی ہیں۔

حالیہ برفباری سے جہاں ملکہ کوہسار پر لاکھوں سیاح امڈ آئے تھے وہاں موسم خوشگوار ہونے اور نرم گرم دھوپ کے باوجود ویرانیاں چھائی ہوئی ہیں۔

مری کی تمام اہم شاہراہوں کو کلئیر کر دیا گیا تاہم رابطہ سڑکیں ابھی تک  برف سے ڈھکی ہوئی ہیں۔ سیاحوں  کے داخلے پر پابندی سے  بیشتر  ہوٹلز اور فلیٹ ویران پڑے ہوئے ہیں۔ بجلی کی بحالی کے لئے ریسکیو کی ٹیمیں  فیلڈ میں  موجود ہیں۔

سانحہ مری  کی تحقیقاتی  کمیٹی  نے بھی کام شروع  کر دیا  تمام  متعلقہ  ادارے  اپنی رپورٹس کی تیاری میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف بلا تفریق  کارروائی ہوگی۔ ذمہ دار  سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔  

دوسری جانب  سانحہ مری کے دوران شاہراہوں پر برف پھینک کر رکاوٹیں کھڑی کرنے والے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مدعی مقدمہ اے ایس آئی محمد رمضان کے مطابق نامعلوم ملزمان بھوربن روڈ پر برف پھینک کر پھسلن پیدا کرکے پھنسے ہوئے سیاحوں سے 4 سے 5 ہزار وصول کرتے تھے ۔ تاحال کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔