Saturday, May 18, 2024

سانحہ مری کے باوجود حکمران جماعت تنظیم سازی میں مصروف رہی

سانحہ مری کے باوجود حکمران جماعت تنظیم سازی میں مصروف رہی
January 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) برف باری میں پھنس کر بائیس افراد جان سے گئے، پنجاب کے حکمران امدادی کارروائیوں کی بجائے تنظیم سازی کے اجلاس میں مصروف رہے۔

مری میں برفانی طوفان میں پھنسے معصوم شہری لمحہ بہ لمحہ موت کے منہ میں جاتے رہے مگر لاہورمیں حکومتی جماعت کی سیاست فروغ پاتی رہی۔

مری میں ایک طرف ہزاروں لوگ سڑکوں پر برف میں پھنسے رہے لیکن وزیراعلیٰ ہاوس لاہور میں حکمران جماعت پی ٹی آئی تنظیم سازی میں مصروف رہی۔

ذرائع کے مطابق تقریبا تین گھنٹے جاری رہنے والے پنجاب ایڈوائزری کونسل کے اجلاس میں گورنر پنجاب چودھری سرور،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری اور پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود تھے۔

اجلاس میں شرکا نے پارٹی کے ناراض کارکنوں کو منانے کا فارمولا وضع کیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بھی وفاقی وزیر شفقت محمود آئے اور بلدیاتی الیکشن پر بات کرکے چلتے بنے۔

وزیرِاطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں اپوزیشن لیڈر کیخلاف آئندہ ہفتے کیس دائر کریں گے۔ شہباز شریف کیخلاف جو کیس دائر کیا جائے گا، اس میں سزا نااہلی ہے۔