Wednesday, April 24, 2024

سانحہ مری کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ کر لیا گیا

سانحہ مری کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ کر لیا گیا
May 7, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - سانحہ مری کیس کی سماعت مکمل ہو گئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز نے سانحہ مری کیس کی سماعت کی۔ ٹی ایم اے انتظامیہ پر سخت برہمی کا اظہار کیا، ریمارکس دئیے کہ پارکنگ پلازے کا معاہدہ طے ہوا، رقم مختص کی گئی پھر سب ختم ہو گیا، پیسہ کہاں گیا، کسی کے باپ کا نہیں یہ مزدور کا پیسہ ہے، یہ وہ پیسہ ہے جس پر ناسور بیٹھے ہیں، کیا یہ کوئی مغلیہ سلطنت ہے؟؟ عدالت نے محکمہ جنگلات پر بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔

جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کہا کہ ہم لکڑی چوری کرکے اس کو آگ لگا دیتے ہیں۔ آپ اگر احساس کریں تو آج اس طرح مارے مارے نہ پھرتے۔ برطانوی فرم کو 24 لاکھ دینے میں کیا لاجک ہے۔ بتائیں اس ملک کو کتنے کروڑ کا ٹیکہ لگا۔

جسٹس چودھری عبدالعزیز نے محکمہ جنگلات کی ڈپٹی ڈائریکٹر سے استفسار کیا کہ مری میں سفاری پارک موجود تھا، ایک شیر تھا، راجہ یا ٹیپو، اس کا کیا بنا؟ جس نے شیر دیا وہ صاحب 2 سال بعد آئے۔ انہوں نے کہا اندر جانا ہے، جب وہ اندر گیا تو حیران رہ گیا،  شیر 2 ٹاںگوں پر کھڑا ان سے پیار کر رہا تھا۔ افسوس وہ اسی رات مر گیا، یہ تو کارکردگی ہے۔ میں سندھ گیا تو ایک صاحب نے مجھے بطخ دکھائی۔ جب اس نے آواز لگائی تو وہ پانی سے نکل کر سامنے آ گئی۔

جسٹس چودھری عبدالعزیز نے ریمارکس دیئے کہ مقامی شخص شکار کرے تو صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ ایک اینکر کی گاڑی کے بونٹ پر تیتر پڑے ہوتے ہیں تو صورتحال مختلف ہوتی ہے۔ اینکر تیتر مار کر بونٹ پر رکھ کر چلا جاتا ہے تو کوئی پوچھتا ہی نہیں۔ عدالت نے 7 جنوری 2022 کو فائل کردہ پٹیشن پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔