Sunday, September 8, 2024

سانحہ مری، اسلام آباد ہائیکورٹ کا این ڈی ایم اے قوانین پر عملدرآمد کا حکم

سانحہ مری، اسلام آباد ہائیکورٹ کا این ڈی ایم اے قوانین پر عملدرآمد کا حکم
January 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ مری کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے این ڈی ایم اے قوانین پر عملدرآمد کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں  سانحہ مری کے خلاف دائر درخواست پرسماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی شروع ہو چکی ہے۔ وکیل درخواست گزار نے کارروائی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف افسران کو عہدوں سے ہٹانا کافی نہیں ،ایکشن بھی ہونا چاہیے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لاء کے مطابق تو سارا کام ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کام تھا۔ یہ بات طے ہے کہ پالیسی میکنگ باڈی کی کبھی میٹنگ نہیں ہوئی۔ اگر کچھ ہوا تو قانون کے مطابق وہ سب ذمہ دار ہوں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آئندہ ایسے سانحے سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں ؟ اٹارنی جنرل نے کہا کہ این ڈی ایم اے مکمل فعال ہے۔ وزیر اعظم نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کا اجلاس بلانے کو تیار ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ قانون پر صوبوں نے عملدرآمد کیا نہ کسی اور نے ۔ فیصلے میں آبزرو کریں گے کچھ ہوا تو ذمہ داری ڈیزاسٹر منیجمنٹ کمیشن ہو گا۔ فریقین کے دلائل کے بعد عدالت نے سانحہ مری پر تحقیقات کے لیے دائر درخواست نمٹا دئ اور حکم دیا کہ  جو قانون ہے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔