Friday, April 26, 2024

سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا، پرویز الہٰی

سانحہ ماڈل ٹاؤن متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا، پرویز الہٰی
October 1, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا، متاثرین سانحہ ماڈل ٹاؤن کی معاونت کے لئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،
اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، صوبائی وزیر راجہ بشارت، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور بھی موجود تھے۔

اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کاجائزہ لیا گیا، اس موقع پرچودھری پرویزالہی نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے، مظلوم خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، متاثرین کو ہر صورت میں انصاف مہیا کیا جائے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف کی ذمہ داری پوری کرکے اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخروہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی سے اوورسیز پاکستانیوں کے وفود نے ملاقات کی، پاکستان مسلم لیگ ق نیویارک کے عہدیداروں نے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔