Sunday, September 8, 2024

سانحہ جڑانوالہ ، نگران پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی

سانحہ جڑانوالہ ، نگران پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی
August 20, 2023 ویب ڈیسک

جڑانوالہ (92 نیوز) - نگران پنجاب حکومت کا مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی، نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی تمام وزرا کے ہمراہ جڑانوالہ پہنچے، افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی تمام صوبائی وزراء کے ہمراہ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ کے علاقے عیسی نگر پہنچے، میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا پاکستان ہر پاکستانی کا ہے، مسلم، مسیحی، سکھ، ہندو سب ایک ہیں، ہر مظلوم کے ساتھ ہیں، ظالم کو کیفر کردارتک پہنچائیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ نے چرچ کے اندر ہی صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں جڑانوالہ واقعہ کیلئے 20 لاکھ روپے فی گھر کی امداد کی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے جلد امدادی رقوم کے چیک مالکان تک پہنچانے اور گرجاگھروں کی عیسائی برادری کی مرضی کے مطابق تعمیر وبحالی کی یقین دہانی کرائی۔

پیپلز پارٹی کے وفد کی جڑانوالہ آمد ہوئی، سانحہ میں متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی اور گرجاگھروں کا دورہ کیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا یہ سانحہ پاکستان کی ساکھ اور ریاست کی رٹ پر حملہ ہے، شرپسند عناصر کو کڑی سزا ملنی چاہئے۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نےصوبائی وزراء کے ہمراہ دانش اسکول جڑانوالہ میں متاثرہ مسیحی خاندانوں کے لیے قائم ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا، مسیحی خاندانوں سے گفتگو کی، ان کے مسائل سنے اور دلاسہ دیا، نگران وزیر اعلیٰ ٰنے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار بھی کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ جڑانوالہ میں جامع مسجد صابری بھی پہنچے اور امن کمیٹی کے ممبران سے بھی ملاقات کی، محسن نقوی نے جڑانوالہ واقعہ کے بعد قیام امن کیلئے امن کمیٹی کے ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔