Saturday, April 27, 2024

سانحہ بارہ مئی کو 15 برس بیت گئے

سانحہ بارہ مئی کو 15 برس بیت گئے
May 12, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سانحہ بارہ مئی کو 15 برس بیت گئے۔ دو ہزار سات میں آج کے دن سابق چیف جسٹس کی کراچی آمد پر پرتشدد واقعات ہوئے۔

پندرہ برس پہلے آج کے دن کراچی کی سڑکوں پر مسلح افراد کا راج تھا۔ اس وقت کے معزول چیف جسٹس کی کراچی آمد پرشہر میں خوب گولیاں چلیں۔ جلاو گھیراو بھی خوب ہوا۔ درجنوں گاڑیاں اور املاک کو آگ لگا دی گئی۔ مختلف سڑکوں پر تقربیا پچپن افراد قتل اور ڈیڑھ سو زخمی ہوئے۔

سانحے کو پندرہ برس گزرنے کے باوجود متاثرین کو انصاف نہ مل سکا۔ تحقیقاتی ٹیمیں بنیں، جےآئی ٹیز بنیں لیکن ملزمان بےنقاب نہ ہو سکے اور نہ کسی ملزم کو سزا ہوئی۔ آج بھی مقدمات اے ٹی سی میں زیرسماعت ہیں۔ مختلف تھانے میں ان واقعات کے تقریبا پینسٹھ سے زائد مقدمات درج کئے گئے۔ پچپن سے زائد افراد ضمانتوں پر رہا ہیں۔

دوسری جانب سندھ بار کونسل کی اپیل پر آج صوبے بھر کی عدالتوں میں بائیکاٹ کیا گیا ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں دروازوں کو تالا لگا کر سائلین اور وکیلوں کو پیش ہونے سے روک دیا گیا۔ وکلا برادری کی ہڑتال کے باعث آج اہم کیسز کی سماعت نہیں ہو سکے گی۔