Wednesday, April 24, 2024

صاف پانی کمپنی ریفرنس، راجہ قمر السلام سمیت ملزموں کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری

صاف پانی کمپنی ریفرنس، راجہ قمر السلام سمیت ملزموں کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری
February 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) صاف پانی کمپنی ریفرنس میں لیگی رہنما راجہ قمر السلام سمیت 16 ملزموں کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔

احتساب عدالت نے صاف پانی کمپنی ریفرنس پر 23 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پراسکیوشن صاف پانی پروجیکٹ میں کوئی خلاف ورزی یا لاقانونیت ثابت نہیں کر سکی۔ سروے کی ایسسمنٹ سے لیکر منصوبہ مکمل ہونے تک تمام متعلقہ رولز اور قوانین پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ منصوبے میں جو بھی تبدیلی کی گئی وہ متعلقہ کمیٹیوں کی سفارشات اور منظوری سے کی گئی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیب نے صاف پانی کمپنی کا ضمنی ریفرنس بھی دائر کیا۔ شہباز شریف کے داماد علی عمران اور بیٹی رابعہ عمران کے ملکیتی پلازے کا ایک فلور کرائے پر صاف پانی کمپنی کو دیا گیا جس میں کوئی لاقانونیت ، رولز کی خلاف ورزی یا مالی فوائد سامنے نہیں آیا۔ سابق سی ای او وسیم اجمل نے اختیارات کا نا جائز استعمال نہیں کیا۔ علی عمران کی کمپنی اور صاف پانی کے درمیان معاملہ معاہدے کی قواعد و ضوابط پورے نہ کرنے کا تھا۔ دونوں کے درمیان کیس نیب قوانین کے زمرے میں نہیں آتا۔

فیصلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ عدالت ملزمان کی بریت کی درخواستوں کو منظور کرتی ہے جبکہ شہباز شریف کی بیٹی اور داماد سمیت دیگر دو ملزمان کو اشتہاری برقرار رکھا گیا ہے۔