Sunday, May 5, 2024

عشرت العباد فارغ‘ جسٹس سعید الزماں کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ

عشرت العباد فارغ‘ جسٹس سعید الزماں کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ
November 9, 2016
اسلام آباد (92نیوز) صدر‘ وزیراعظم کے درمیان اہم ملاقات۔ سندھ میں نیا گورنر لانے کا فیصلہ ہو گیا۔ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہٹا کر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو عہدہ سونپا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں سب سے لمبے عرصے تک گورنر کااعزاز رکھنے والے ڈاکٹر عشرت العبادکی چھٹی ہونے جا رہی ہے۔ وفاقی حکومت نے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا نیا گورنر لگانے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ کی تبدیلی کا فیصلہ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف کی ملاقا ت میں ہوا۔ پہلے مرحلے میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے استعفیٰ طلب کیا جائے گا جسے رسمی طور پر منظور کر کے فوری طور پر جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیں گے۔ ڈاکٹر عشرت العباد کو 2002ءکے انتخابات کے بعد اس وقت کے صدر پرویزمشرف نے گورنر لگایا تھا۔ عشرت ا لعباد کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے تھا تاہم 2013ءمیں کراچی میں شروع کئے گئے آپریشن کے بعد ایم کیو ایم نے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔ گزشتہ ماہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے عشرت العباد پر دہری شہریت رکھنے اور کرپشن کے الزامات عائد کئے گئے تھے جس کے بعد سے ان پر کافی دباو آ گیا تھا۔ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی چیف جسٹس آف پاکستان رہ چکے ہیں۔ انہوں نے مشرف دور میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کیا تھا۔ 2008ءمیں مسلم لیگ (ن) نے انہیں اپنا صدارتی امیدوار بھی نامزد کیا۔