کراچی (92 نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے ساڑھے 3 سال سے سن رہے ہیں کہ حکومت گئی، حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔
جمعرات کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلا دور بھی عمران خان کا ہو گا، جنہوں نے پاکستان کو اس حال میں پہنچایا ان سے پوچھا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیسہ لندن اور سعودی عرب منتقل ہوا۔ پی ڈی ایم میں کوئی دم خم نہیں، ان کی لوٹ مار سے پاکستان کے آج یہ حالات ہیں۔
عمران اسماعیل نے کہا سندھ کا بلدیاتی قانون کالا قانون ہے، کراچی کی ہر گلی میں پولیس اہلکار کھڑا نہیں کرسکتے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یوریا کھاد کی قلت ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے ہے۔