Saturday, July 27, 2024

سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے زندگی کی 48 بہاریں دیکھ لیں

سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے زندگی کی 48 بہاریں دیکھ لیں
August 13, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے زندگی کی 48 بہاریں دیکھ لیں، شعیب اختر نے اپنے کیریئر میں 444 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ کئی عالمی اعزاز بھی اپنے نام کئے، بڑے بڑے بیٹرز ان کی تیز رفتار گیندوں کے سامنے لڑکھڑا جاتے تھے۔

بچپن میں پاؤں کے تلوے سیدھے ہونے کے باعث کھڑے ہونے میں بھی مشکلات کاٹنے والے شعیب اختر کرکٹ کے جنون میں ایسے دوڑے کہ نام راولپنڈی ایکسپریس پڑ گیا۔ گولی کی رفتار جیسی بولنگ کے سبب صف اول کے بیٹرز بھی شعیب اختر کا سامنا کرنے سے گھبراتے تھے۔

شعیب اختر نے نومبر 1997ء میں اپنے آبائی شہر راولپنڈی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 43 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

شعیب اختر نے 2003ء کے عالمی کپ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرا کر دنیا کو حیران کر دیا اور تیز ترین فاسٹ باؤلر کا اعزاز حاصل کیا۔

لیجنڈری کرکٹر نے 224 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 444 وکٹیں حاصل کیں۔ 16 بار 5 وکٹیں اڑانے کارنامہ بھی انجام دیا۔

شعیب اخترکو کیریئر میں فٹنس مسائل کا سامنا رہا اور 2011ء میں کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔ انہوں نے آخری میچ ون ڈے ورلڈکپ 2011ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کی بہترین باؤلنگ کی ویڈیو شیئر کر کےانہیں سالگرہ کی مبارکباد دی ہے، سوشل میڈیا پربھی ان کے مداح نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔