Saturday, May 18, 2024

سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
December 16, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

جمعہ کے روز اظہر علی دوران پریس کانفرنس آبدیدہ ہو گئے، انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ذاتی ہے، کل کیرئیر کا آخری ٹیسٹ کھیلوں گا۔ بہترین کرکٹ کھیلنے کی کوشش کی، کیریئر میں کچھ شاندار کوچز کے تحت کھیلا، مدد کرنے والے تمام افراد کا شکر گزار ہوں۔

اظہر علی نے کہا کہ پاکستان کیلئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، خواہش تھی 100 ٹیسٹ پورے ہو جائیں۔ انہوں نے کہا میں اپنے خاندان کا خاص تذکرہ کرنا چاہتا ہوں جن کی قربانیوں کے بغیر میں آج جہاں ہوں وہاں نہ ہوتا۔ میرے والدین، بیوی، بہن بھائی اور بچے میری طاقت رہے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے 96 ٹیسٹ میچوں میں سات ہزار 97 رنز بنائے، قومی بیٹر کا کیرئر بیسٹ اسکور 302 رنز ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ ’’اظہر علی پاکستان کرکٹ کے سب سے پرعزم کھلاڑیوں میں سے ایک رہے ہیں۔ ان کا حوصلہ اور عزم بہت سے نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک تحریک رہا ہے اور وہ آنے والے کرکٹرز کے لیے ایک رول ماڈل ہیں۔