Friday, March 29, 2024

سابق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا، مفتاح اسماعیل

سابق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا، مفتاح اسماعیل
July 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے سابق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا۔

اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا، ان کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، ہم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ درآمدات میں کمی سے روپے کی قدر مستحکم ہورہی ہے، جولائی میں ادائیگیوں کے باعث روپیہ دباؤ کا شکار رہا۔ کوشش کر رہے ہیں مقامی مصنوعات کو مزید ترجیح دیں، ملکی برآمدات بڑھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں موجودہ اضافہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے باعث ہوا، گزشتہ حکومت نے صرف بجلی کے شعبے میں 14 سوارب کا گردشی قرض بڑھایا۔ اُنہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے، بولے کہ عمران خان صاحب سچے ہیں تو فنانشنل ٹائمز پر کیس کریں۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مشکلات آئیں گی ہم سب نے ملکر ان کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہم سب کو ٹیکس دینا پڑے گا، اس کے سوا کوئی حل نہیں۔ وزیر خزانہ نے 150 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے دکانداروں کیلئے ٹیکس چھوٹ کا اعلان کردیا۔