لاہور (92 نیوز) - وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر رضوان سوموار کے روز دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگئے۔
سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ڈاکٹر رضوان نے شہباز شریف فیملی کے خلاف منی لارنڈنگ کیس کی تحقیقات کی تھیں، موجودہ حکومت کے آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
2018 میں جب پی ٹی آئی کی حکومت بننے پر ڈاکٹر رضوان، شہزاد اکبر کی زیرِقیادت میں اثاثہ ریکوری یونٹ کا حصہ رہے، بعدازاں انہیں ڈائریکٹر ایف آئی اے تعینات کیا گیا تھا۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ پیغام میں ڈاکٹر رضوان کی وفات پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر رضوان نے شہبازشریف کیخلاف ٹی ٹی کیس کیا تھا، وہ دلیر اور فرض شناس شخص تھے۔