سڈنی (92 نیوز) - سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر کرکٹر اینڈریو سائمنڈز ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔
آسڑیلیا کے شہر سڈنی میں ایلس ریور برج کے قریب سائمنڈ کی کار بے قابو ہوکر الٹ گئی۔ سائمنڈز کی عمر 46 سال تھی۔ انہوں نے 1998 سے 2009 کے درمیان آسٹریلیا کے لیے 26 ٹیسٹ سمیت 238 میچ کھیلے۔
پولیس نے بتایا کہ حادثہ ہفتہ کی رات ٹاؤنس وِل سے 50 کلومیٹر دور ہیروے رینج میں پیش آیا۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق سائمنڈز جو کار چلا رہے تھے وہ بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔
کوئنز لینڈ پولیس نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے بیان میں کہا گیا، "ایمرجنسی سروسز نے 46 سالہ ڈرائیور اور واحد مکین کو زندہ بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔"
کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے چیئرمین لیچلان ہینڈرسن نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ نے "اپنا ایک اور بہترین کھلاڑی" کھو دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا، "اینڈریو ایک نسل کا ٹیلنٹ تھا جس نے ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی کامیابی اور کوئنز لینڈ کی کرکٹ تاریخ کے حصے کے طور پر اہم کردار ادا کیا۔"
"آسٹریلوی کرکٹ کی جانب سے ہماری گہری ہمدردیاں اینڈریو کے اہل خانہ، ٹیم کے ساتھیوں اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔"
سائمنڈز 2003 اور 2007 میں آسٹریلیا کی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیموں کے رکن تھے اور 14 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کے علاوہ 198 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں نظر آئے۔ اپنی دھواں دار بیٹنگ اور الیکٹرک فیلڈنگ کے لیے جانے جاتے تھے، وہ آف اسپن اور میڈیم پیس دونوں گیندیں کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔
ٹیم کے سابق ساتھی مارک ٹیلر نے چینل نائن کو بتایا کہ "ہر ایک نے اسے وائٹ بال کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا تھا۔" وہ دنیا کو ثابت کرنا چاہتا تھا کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کھیل سکتا ہے اور اس نے ایسا کیا۔
سائمنڈز کی موت اس وقت ہوئی جب آسٹریلوی کرکٹ اب بھی ہمہ وقت کے عظیم کھلاڑی راڈ مارش اور شین وارن کے گزرنے کے صدمے سے دوچار تھی جو مارچ میں چل بسے تھے۔
سائمنڈز کا کیریئر کا سب سے زیادہ ٹیسٹ سکور 162 ناٹ آؤٹ بھارت کے خلاف ہے جو 2008 کے سڈنی میچ میں بنایا، اس میچ کے دوران وہ نسل پرستی تنازعہ کا شکار بنے۔
انیل کمبلے کی زیرقیادت کھیلنے والی بھارتی ٹیم نے اس سیریز کو چھوڑنے کی دھمکی دی تھی جب باؤلر ہربھجن سنگھ کو ایک میچ ریفری نے سائمنڈز کے ساتھ نسل پرستانہ بدسلوکی کرنے سے روکا تھا۔
بھارتی کرکٹر ہربھجن نے ٹویٹ کیا کہ "اینڈریو سائمنڈز کے اچانک انتقال کے بارے میں سن کر صدمہ ہوا، وہ بہت جلد چلا گیا۔ اہلخانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ کمبلے نے بھی ٹویٹر پر اظہار تعزیت کیا۔
پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی اپنے دوست کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ شعیب نے ٹویٹ کیا، "آسٹریلیا میں کار حادثے میں اینڈریو سائمنڈز کے انتقال کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔"
"ہم نے میدان کے اندر اور باہر ایک بہترین رشتہ شیئر کیا۔ ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔"