Friday, April 26, 2024

شہباز تتلہ قتل کیس، مفخر عدیل کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

شہباز تتلہ قتل کیس، مفخر عدیل کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی
May 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل شہباز تتلہ قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ لاہور کی سیشن کورٹ نے مفخر عدیل کو عمر قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے مفخر عدیل کو عمر قید کی سزا سنائی جبکہ شریک ملزمان اسد سرور بھٹی اور کانسٹیبل عرفان کو بری کر دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ نے قتل ٹرائل کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت میں مجموعی طور پر 28 گواہان کے بیان قلمبند کیے گئے۔ پولیس کی جانب سے کیس کے عبوری چالان میں بتایا گیا کہ مفخر عدیل اور اسد بھٹی نے شہباز تتلہ کو کلمہ چوک سے اغوا کیا۔ ملزمان نے مشروب میں نشہ آور چیز پلائی جس سے کچھ دیر بعد شہباز تتلہ بے ہوش ہو گئے۔ مفخر عدیل شہباز تتلہ کے منہ پر تکیہ رکھ کر بیٹھ گیا جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزموں نے شہباز تتلہ کو ڈرم میں ڈالنے کے بعد تیزاب ڈال دیا تھا اور محلول کو گٹر میں بہایا گیا۔ پولیس نے مفخر عدیل  اور دیگر کیخلاف عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا۔

ملزم نے پولیس کو ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ   اسی نے شہباز تتلہ کو قتل کیا اور لاہور سے فرار ہو گیا۔ مفخر عدیل نے پولیس کو بتایا ہے کہ 2012ء میں اس کی سابقہ بیوی اسما ناراض ہو کر شہباز تتلہ کے گھر گئی۔ شہباز تتلہ نے اسما کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی اور اسی بات پر میری اپنی بیوی سے علیحدگی ہو گئی۔

مفخر عدیل نے بتایا کہ شہباز تتلہ نے میری موجودہ بیوی علیزہ سے بھی زیادتی کی کوشش کی اور اسے میری سابقہ بیوی کے بارے میں بھی بتایا۔ یہ  بات میری موجودہ بیوی نے بتائی جس پر میں انتقام کی آگ میں جلنے لگا اور شہباز تتلہ کے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔