Tuesday, April 23, 2024

سابق آئی سی سی امپائر اسد روف انتقال کر گئے

سابق آئی سی سی امپائر اسد روف انتقال کر گئے
September 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد روف انتقال کر گئے۔

دوران امپائرنگ کیرئیر میں اسد رؤف کی اوپن ہرٹ سرجری ہوئی تھی۔ فیملی ذرائع کے مطابق انہیں سینے میں تکلیف  ہونے پر اسپتال لے جایا گیا مگر وہ راستہ ہی میں جان کی بازی ہار گئے۔

66 سالہ اسد روف نے مختلف ڈیپارٹمنس کی جانب سے 71 فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلے جبکہ 1998 میں ڈومیسٹک امپائرنگ کا آغاز کیا۔

 16 فروری 2000 میں پی سی بی نے ان کا تقرر پاکستان اور سری لنکا کے میچ میں کیا۔  2005 میں پہلی بار بنگلہ دیش زمبابوے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے بطور امپائر ذمہ داریاں انجام دیں۔ انہوں نے مختلف ممالک میں 64 ٹیسٹ، 139 ون ڈے، 11 ویمن ٹی 20 انٹرنیشنل میچز بھی سپروائز کئے۔

اسد رؤف کو سال 2013 میں آئی پی ایل کے دوران  سپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد ان کا امپائرنگ کیرئیر ختم ہو گیا۔ اسد رؤف نے ہمیشہ ان الزامات کو رد کیا۔ آئی سی سی نے بھی ان کے خلاف کوئی باقاعدہ انکوائری نہ کی۔

کرکٹرز اور ساتھی امپائرز کے علاوہ پی سی بی چئیرمین رمیز راجہ نے بھی ان کی وفات پر گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔