Friday, April 26, 2024

سارک سربراہی کانفرنس ملتوی

سارک سربراہی کانفرنس ملتوی
September 28, 2016
اسلام آباد(92نیوز) امن کے دشمن بھارت نے ایک اور گھناونی چال چل دی سارک کو بھی اپنی انا کی بھینٹ چڑھا دیا مودی سرکارنے ہمسایہ ملکوں کو دباو میں لاکر سارک سربراہ کانفرنس ملتوی کرادی۔ سفارتی ذرائع نے بھی تصدیق کر دی کانفرنس نومبر کے مہینے میں اسلام آباد میں ہونا تھی۔ تفصیلات کےمطابق  اپنے آپ کو  جمہوری ملک کہنے والا اور پوری دنیا میں امن کا پرچار کرنیوالا ہمسایہ ملکوں میں اتحاد اور تعاون کا بھی دشمن بن گیا ہے ۔ ہر محاذ پر ناکامی کے بعد  بھارت کے کلیجے میں ٹھنڈ نہ پڑی تو ایک اورگری ہوئی حرکت کر ڈالی  ہمسایہ ملکوں کودباو میں لاکر بالآخر سارک سربراہ کانفرنس ملتوی کروا ڈالی۔ سارک سربراہ کانفرنس اس سال نومبر میں اسلام آباد میں ہونا تھی  لیکن مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم پر پاکستان کے آواز اٹھانے اور پھر اڑی حملے کے بعد بے بنیاد الزامات لگاکر تعلقات میں خلیج پیدا کرنیوالے بھارت کوپاکستان کی مہمان نوازی، کسی طور  بھا نہیں رہی تھی۔ اسی لئے تو پہلے خود کانفرنس میں شرکت سے انکار کیا پھر بنگلہ دیش ، افغانستان اور بھوٹان کو بھی مکروہ عزائم میں ساتھ ملالیا۔ تینوں ممالک بھارت کی ڈگر پر چلے اور کانفرنس میں شرکت سے  عدم دستیابی ظاہر کردی ۔ اس پر کانفرنس کی سربراہی کرنیوالے ملک نیپال نے کانفرنس ملتوی کردی۔  اسلام آباد کے سفارتی ذرائع نے بھی کانفرنس ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے  سفارتی ذرائع کے مطابق ایک رکن ملک کی عدم شرکت پر بھی کانفرنس کو ملتوی کردیا جاتا ہے اس بارسربراہی نیپال کے پاس تھی اگلی تاریخ اور مقام کے اعلان تک سربراہی نیپال کے پاس ہی رہیگی سفارتی ذرائع کاکہنا ہے کہ کانفرنس ملتوی کی گئی منسوخ نہیں جب بھی دوبارہ ہوئی پاکستان میں ہی ہوگی۔