Friday, April 26, 2024

ریاست کو گرانے کیلئے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان

ریاست کو گرانے کیلئے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدے جا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان
March 13, 2022 ویب ڈیسک

حافظ آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ریاست کو گرانے کیلئے چوری کے پیسے سے ضمیر خریدے جارہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے حافظ آباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا تین چوہے ان کا شکار کرنے نکلے ہیں۔ حکومت تو نہیں گرے گی لیکن ان تینوں چوہوں کا شکار ہو جائے گا۔ مجرم ریاست گرانے کی کوشش کریں تو روکنا الیکشن کمیشن اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔ سیاست میں اس لیے نہیں آئے تھے کہ آلوٹماٹر کی کیا قیمت ہے۔ میں اس لیے سیاست میں آیا تھا کہ پاکستانیوں کو ایک قوم بنانا چاہتا تھا۔

 وزیراعظم بولے امریکی صدر کے سامنے بیٹھ کر سابق وزیراعظم کی کانپیں ٹانگ رہی ہوتی تھیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے ڈرون حملوں کی مذمت نہیں کی۔ کیا پاکستان امریکا کا غلام ہے کہ وہ ڈرون حملے کرتا رہا۔

یورپی یونین سے متعلق اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا انہوں نے یورپی یونین پر صحیح تنقید کی۔ میں نے کہا آپ میں بھارت کو بھی ایسا خط لکھنے کی جرات ہے۔ میں نے کہا ہم آزاد ملک ہیں کسی کے غلام نہیں۔ جو لوگ مغرب کے جوتے پالش کرتے ہیں وہ انہیں حقارت سے دیکھتے ہیں۔ جو اپنی قوم کے مفاد کیلئے کھڑے ہوتے ہیں مغرب والے اس کی عزت کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا چین نے ریکارڈ وقت میں پاکستان کو فائٹر جیٹ دیئے۔ روس کے صدر نے مجھے تین گارڈ آف آنر دیئے۔ روسی صدر کو پتہ تھا یہ آدمی دو نمبر نہیں ہے۔ بھارتی میزائل پاکستان میں گرا جس کا بڑی حکمت سے جواب دیا ،حالانکہ ہم بہت کچھ کر سکتے تھے۔