Wednesday, April 24, 2024

روز بتایا جاتا ہے نوازشریف واپس آرہے ہیں، کیا راستہ بھول گئے ہیں؟، شہباز گل

روز بتایا جاتا ہے نوازشریف واپس آرہے ہیں، کیا راستہ بھول گئے ہیں؟، شہباز گل
January 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا روز بتایا جاتا ہے نوازشریف واپس آرہے ہیں، کیا نوازشریف راستہ بھول گئے ہیں؟۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازگل نے کہا کہ ایاز صادق نے کہا میں نوازشریف کو لینے جا رہا ہوں، کیا نوازشریف دوشیزہ ہیں جو محرم کے بغیر نہیں آسکتے۔ کسی کے آنے کا ڈراوا تب دیتے ہیں جب کسی کا جانا نہ دیکھا ہو۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نے وہیں گاجریں کاٹنی ہیں جو پہلے کاٹتے تھے، نوازشریف باہر جانے کیلئے پاؤں پڑتے تھے۔ باہر بھاگنےوالوں کو محمود غزنوی نہ بنائیں۔

معاون خصوصی مزید بولے کہ آپ کو جتنی ڈیل اور ڈھیل ملنا تھی مل گئی، ہماری جتنی مجبوریاں تھیں وہ ختم ہوگئیں۔ آپ کو بتانا پڑے گا مقصود چپڑاسی کے پاس کون سا ہنر ہے جس کے اکاؤنٹ میں 37 سو کروڑ روپے آئے۔

ادھر لیگی رہنماء طلال چودھری نے شہباز گل کے بیان پر ردعمل میں کہا جتنا مرضی تڑپیں اب نوازشریف اس جعلی حکومت کو ڈھیل نہیں دینگے۔ عینکیں اتاریں اور ملک کے حالات دیکھیں نہ غریب کی روٹی ہے نہ پاکستان کی عزت۔

انہوں نے کہا کہ عینکیں لگانے سے کرتوت چھپ نہیں جاتے، جو ہاتھ آپ کے سر پر تھے اب وہ نوازشرئف کے پاؤں ہیں۔ حکومت چلتی نہیں مگر زبان بہت چلتی ہے۔