Monday, May 6, 2024

روٹی ،کپڑا، مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی 55 برس کی ہو گئی

روٹی ،کپڑا، مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی 55 برس کی ہو گئی
November 30, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - روٹی ،کپڑا، مکان کا نعرہ لگانے والی پیپلز پارٹی 55 برس کی ہو گئی۔ پیپلز پارٹی کو کبھی ایوان ملا تو کبھی زندان ،کئی کارہائے سرانجام دیئے۔

پاکستانی سیاست میں بیشتر سیاسی جماعتوں کا قیام آزادی کے نعرے پر ہوا۔ 1967 میں پیپلزپارٹی کا قیام بھی نظام زر سے آزادی کی سوچ کے ساتھ ہوا۔

''زمین بے زمینوں کی'' کا نعرہ بھی پرکشش تھا'' مزدور کسان ہاری بھی کسی لیڈر کی راہ تک رہے تھے ، ایسے میں ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے سیاسی خلا کو محسوس کیا اور پیپلزپارٹی دیکھتے ہی دیکھتے گلگت کے گلیشئر سے لیکر بولان کے پہاڑی علاقوں تک مقبولیت حاصل کر گئی۔

55سال کے سیاسی سفر میں پیپلزپارٹی کبھی ایوان تو کبھی زندان میں رہی۔ بھٹوز کی سیاسی جماعت کا ایک کارنامہ ضرور ہے۔ ملک کو دفاعی شعبے میں ناقابل تسخیر بنایا، 1973 کا متفقہ آئین دیا، 18 ویں ترمیم این ایف سی ایوارڈ دیا۔

مزاحمتی سیاسی قوت کے طور پر وجود میں آنے والی پیپلزپارٹی 55 سالہ سیاسی تاریخ میں اب مفاہمت کی سیاست کی منزل پر پہنچ چکی ہے۔ دور بلاول میں بھٹوز کی تحریک روٹی کپڑا مکان کی حقیقی منزل پر آسکے گی اس کا انتظار ہے۔

دوسری جانب پی پی پی  کے یوم تاسیس  کی مناسب سے آج  نشتر پارک میں ہونے والے جلسے   کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے وفاقی وزیر  شیری  رحمان  نے  کہا آج کا دن عہد تجدید وفا کا دن ہے۔

پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی اور کراچی کے ڈویژن کے صدر سعید غنی بھی نشتر پارک پہنچے۔ اس موقع پر شاندار  آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔