Saturday, April 20, 2024

روسی صدر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے حوالے سے بڑا اشارہ دیدیا

روسی صدر پیوٹن نے یوکرین جنگ کے حوالے سے بڑا اشارہ دیدیا
October 15, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - کیا یوکرین جنگ ختم ہونے والی ہے؟ روسی صدر پیوٹن نے بڑا اشارہ دے دیا۔

قازقستان میں سربراہی اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی صدر پیوٹن بولے یوکرین پر مزید بڑے حملوں کی ضرورت نہیں، نیٹو افواج کا روس کے ساتھ براہ راست تصادم عالمی تباہی کا باعث بنے گا۔

پیوٹن نے کہا کہ یوکرین کو تباہ کرنا مقصد نہیں، روس یوکرین پر حملہ نہ کرتا تو ہمارا ملک تباہی سے دوچار ہوجاتا۔ مزید کہا کہ حملوں کے زیادہ تر اہداف کو نشانہ بنایا گیا، فوجیوں کی نقل و حرکت کا منصوبہ جلد ختم کردیا جائے گا۔

سعودی عرب کا یوکرین کو 40 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان

ادھر سعودی عرب نے یوکرین کو 40 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کردیا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے یوکرینی صدر زیلنسکی کو ٹیلی فون کیا، سعودی ولی عہد نے ثالثی کی کوششوں کو جاری رکھنےکا یقین دلایا۔

محمد بن سلمان بولے کہ کشیدگی میں کمی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ یوکرینی صدر نے حمایت پر سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان کا شکریہ ادا کیا۔

امریکا کا یوکرین کیلئے سات سو پچیس ملین ڈالرکا سکیورٹی امدادی پیکیج

دوسری جانب امریکا کی طرف سے یوکرین کے لیے سات سو پچیس ملین ڈالرکا سکیورٹی امدادی پیکیج کا اعلان کردیا گیا۔ امریکی اہلکار کے مطابق امدادی پیکج میں گولہ بارود اور فوجی گاڑیاں شامل ہیں۔ نئے پیکیج میں ایئر ڈیفنس سسٹم شامل نہیں ہے، نیا پیکیج روس کو جوابی کارروائی میں شکست دینے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

یوکرین کے لئے امریکی سکیورٹی امدادسترہ اعشاریہ پانچ بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔