Thursday, April 25, 2024

روسی صدر پیوٹن نے مشرقی یوکرائن کے دونباس خطے کو آزاد ریاست تسلیم کر لیا

روسی صدر پیوٹن نے مشرقی یوکرائن کے دونباس خطے کو آزاد ریاست تسلیم کر لیا
February 22, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) یوکرائن کے تنازع پر جنگ کے بادل مزید گہرے ہو گئے۔ روسی صدر پیوٹن نے مشرقی یوکرائن کے دونباس خطے کو آزاد ریاست تسلیم کر لیا۔

روسی صدر پیوٹن نے دونباس خطے کو آزاد ریاست تسلیم کرکے ڈونیٹسک و لوہانسک پیپلز ری پبلک میں امن کیلئے فوج بھیجنے کا اعلان کر دیا۔

روسی صدر پیوٹن کا طویل خطاب میں کہنا تھا یوکرائن کبھی بھی حقیقی ریاست نہیں رہا۔ ڈونیٹسک و لوہانسک میں نسل کشی کی جارہی ہے۔ یوکرائن اب امریکا کی کالونی اور کٹھ پتلی بن چکا ہے۔ یوکرائن ایٹمی ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روسی اقدام پر برطانیہ اور یورپی یونین نے روس پر سخت اقتصادی پابندیاں لگانے پر اتفاق کر لیا۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے یوکرائنی علاقے کو آزاد ریاست تسلیم کرنے سے جنگ کا خطرہ بڑھ گیا۔ بورس جانسن نے یوکرائنی صدر کو مزید اسلحہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ کینیڈا نے بھی روس پر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن  نے یوکرائنی ہم منصب  سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا تھا  امریکا یوکرائن کی سالمیت کی حفاظت کا عہد نبھائے گا۔ روس کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

 دوسری طرف یوکرائن کشیدگی پر مغربی اتحاد کے مطالبے پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ۔ امریکی میڈیا کے مطابق نیٹو پاور کے باعث  سلامتی کونسل روس کے خلاف  کارروائی کرے گی نہ  کوئی بیان جاری ہو گا۔ ادھر اقوام متحدہ میں یوکرائن کے سفیر نے اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کی درخواست کر دی۔

روسی صدر کے آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد ڈونیٹسک کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ عوام سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ ڈونیٹسک کے عوام نے روس کے پرچم لہرائے۔