Thursday, March 28, 2024

روسی حملے کے بعد یوکرین کو عالمی قوتوں کی جانب سے اسلحے کی فراہمی جاری

روسی حملے کے بعد یوکرین کو عالمی قوتوں کی جانب سے اسلحے کی فراہمی جاری
February 27, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) روسی حملے کے بعد یوکرین کو عالمی قوتوں کی جانب سے اسلحے کی فراہمی جاری ہے۔

یوکرین کی جنگ گلی کوچوں میں پھیلنے لگی۔ عالمی طاقتوں نے اسلحہ فروخت کرنے کے لئے یوکرین کو تختہ مشق بنا لیا۔ جرمنی، فرانس، ترکی، نیدر لینڈ اور چیک ری پبلک نے یوکرین کو ہتھیار دینا شروع کر دیئے ۔

امریکا یوکرین کو ساڑھے تین ملین ڈالر کے جدید ہتھیار فراہم کرے گا۔ جرمنی یوکرین کو ایک ہزار ٹینک شکن اسٹنگ میزائل فراہم کرے گا ۔ آسٹریلیا بھی یوکرین کو غیر مہلک فوجی ساز و سامان فراہم کرے گا۔ روسی اتحادی ملک آذربائیجان یوکرین کو مفت تیل اور طبی سامان دے گا۔ یوکرین کے صدر نے ملک  چھوڑنے  سے انکار کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے اسلحہ  فراہم  کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اقوام متحدہ  کے مطابق  یوکرین  سے ایک  لاکھ  20 ہزار  لوگ   پناہ کی تلاش میں پولینڈ اور دیگر ممالک میں ہجرت  کرنے  پر مجبور ہو چکے ہیں ۔ مالدوا کے بارڈر پر 15 کلومیٹر  لمبی لائن لگی ہوئی ہے ۔

برطانیہ  ، جرمنی ، فرانس سمیت  کئی یورپی ممالک  نے روسی   پروازوں پر پابندی  لگا دی۔ روس نے جوابی  کارروائی   کرتے ہوئے  برطانیہ   اور بالٹک ممالک  کے لئے فضائی حدود بند  کر دی۔

یورپی یونین ، فرانس ، جرمنی  ، اٹلی ،برطانیہ   ، کینیڈا  اور امریکا نے   روس کی معیشت کو  نشانہ  بنانے کے لئے   ٹرانس اٹلانٹک  ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کردیا ۔ روسی بینکوں کو سوئفٹ سسٹم   سے بھی نکالنے کا  فیصلہ  کر لیا گیا ۔