Monday, September 26, 2022

روسی فوج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خار کیف میں داخل، گیس پائپ لائن اڑا دی

روسی فوج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خار کیف میں داخل، گیس پائپ لائن اڑا دی
February 27, 2022 ویب ڈیسک

خار کیف (92 نیوز) روسی فوج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خار کیف میں داخل ہو گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان خونریز جھڑپیں جاری ہیں، روس کی فوج نے خار کیف میں گیس پائپ لائن اڑا دی، روسی فوج نے کیف کے قریب کروز میزائل داغ کر تیل کا ڈپو تباہ کر دیا۔

روسی فوج نے یوکرین کے دو شہروں کو مکمل طور پر گھیرے میں لینے کا دعویٰ کیا ہے، جنوبی خرسان اور جنوب مشرقی بردیانسک شہر شامل ہیں۔

دوسری جانب یوکرین کا دارالحکومت کیف دھماکوں سے گونج اُٹھا، روس اور یوکرین کی افواج میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔

یوکرین کی جنگ گلی کوچوں میں پھیلنے لگی، عالمی طاقتوں نے اسلحہ فروخت کرنے کے لئے یوکرین کو تختہ مشق بنا لیا۔

جرمنی، فرانس، ترکی، نیدر لینڈ، چیک ری پبلک نے یوکرین کو ہتھیار دینا شروع کردیئے۔ امریکا اور البانیہ کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج ہو گا۔

امریکا یوکرین کو ساڑھے تین ملین ڈالر کے جدید ہتھیار فراہم کرے گا، جرمنی یوکرین کو ایک ہزار ٹینک شکن اسٹنگ میزائل فراہم کرے گا۔ یوکرین کے صدرنے ملک چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے اسلحہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین سے ایک لاکھ 20 ہزار لوگ پناہ کی تلا ش میں پولینڈ اور دیگر ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مالدوا کے بارڈر پر 15 کلومیٹر لمبی لائن لگی ہوئی ہے۔

برطانیہ، جرمنی، فرانس سمیت کئی یورپی ممالک نے روسی پروازوں پر پابندی لگا دی۔ روس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے برطانیہ اور بالٹک ممالک کے لئے فضائی حدود بند کردی۔

یورپی یونین، فرانس، جرمنی، اٹلی، برطانیہ، کینیڈا اور امریکا نے روس کی معیشت کو نشانہ بنانے کے لئے ٹرانس اٹلانٹک ٹاسک فورس بنانے کا اعلان کردیا۔ روسی بینکوں کو سوئفٹ سسٹم سے بھی نکالنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔