Monday, May 6, 2024

روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت کیف میں داخل، ائیرپورٹ کے کنٹرول کیلئے جھڑپیں جاری

روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت کیف میں داخل، ائیرپورٹ کے کنٹرول کیلئے جھڑپیں جاری
February 25, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت کیف میں داخل ہوگئی، کیف کی گلیوں میں لڑائی، ائیرپورٹ کے کنٹرول کیلئے جھڑپیں جاری ہیں۔

روسی فوج نے یوکرین کے 2 جزیروں اور چرنوبل ایٹمی پلانٹ پر قبضہ کرلیا۔ یوکرین کی 118 ملٹری انفراسٹرکچر سائٹس بھی تباہ کردیں۔

روس نے کیف کے مغربی علاقوں پر قبضے، 200 یوکرینی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ روسی وزارت دفاع نے دارالحکومت کیف کو یوکرین کے دیگر علاقوں سے تنہا کرنے کا دعویٰ کردیا۔

روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی فوج نے کیف کے مغربی علاقوں پر قبضہ کرلیا ہے، روسی فوج کے مطابق ہوستو مل کے ہوائی اڈے پر قبضے کے دوران 200 یوکرینی فوجی ہلاک ہوئے۔ ہلاک اہلکاروں کا تعلق یوکرین کی فوج کے خصوصی دستوں میں سے تھا۔

یوکرینی حکام نے کیف میں روسی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں میزائل حملے کیے جا رہے ہیں، متعدد رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ جنگ کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 150 کے قریب پہنچ گئی۔

ادھر امریکا کا کہنا ہے روس دارالحکومت کیف پر چند روز میں قبضہ کرلے گا۔ صدر پیوٹن کا کہنا ہے یوکرین ہتھیار ڈال دے تو مذاکرات ہوں گے۔