Friday, April 19, 2024

روسی فوج نے سیویروڈونٹسک کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا

روسی فوج نے سیویروڈونٹسک کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا
June 15, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - سیویروڈونٹسک کا علاقہ بھی یوکرین کے ہاتھ سے نکلنے لگا۔ روسی فوج نے سیویروڈونٹسک کے 80 فیصد حصے پر قبضہ کر لیا۔

گورنر لوہانسک کے مطابق مسلسل گولہ باری کے باعث علاقے کا رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ اب بھی 500 سے زائد شہری ازوٹ کیمیکل پلانٹ میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔

دوسری طرف روس نے ازوٹ پلانٹ میں موجود یوکرینی جنگجو ؤں کو آج ہتھیار ڈالنے کی آخری ڈیڈلائن دے دی۔ میجر جنرل ایگور کوناشنکوف کا کہنا ہے کہ ازوٹ پلانٹ میں موجود شہریوں کے انخلا کے لئے آج راہداری کھول دیں گے۔

ادھر یوکرینی صدر سیویروڈونیٹسک میں اپنی فوج کے بھاری جانی ومالی نقصان پر اپنے اتحادی ممالک پر برس پڑے۔ صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ڈونباس کی حفاظت نہ کر سکے تو سب کچھ ہاتھ سے نکل جائے گا۔ انہوں نے اپنے مغربی شراکت داروں سے فوری طور پر جدید میزائل شکن ہتھیاروں کی فراہمی کا مطالبہ بھی کر دیا۔

نیٹو چیف نے نیدر لینڈز میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روس کے ساتھ مشرقی بارڈر پر فوج کو الرٹ رکھنا ہو گا۔ یوکرین کو مزید بھاری ہتھیار فراہم کیے جائیں۔