Thursday, April 18, 2024

روسی فوج کے یوکرین پر حملے جاری، پولینڈ کی سرحد کے قریب طیارے مرمت کرنے والا پلانٹ تباہ کر دیا

روسی فوج کے یوکرین پر حملے جاری، پولینڈ کی سرحد کے قریب طیارے مرمت کرنے والا پلانٹ تباہ کر دیا
March 19, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روسی فوج کے یوکرین پر حملے جاری ہیں۔ پولینڈ کی سرحد کے قریب طیارے مرمت کرنے والا پلانٹ تباہ کر دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق روسی فوج ماریوپول شہر کے وسط میں پہنچ گئی ہے جہاں اس کی یوکرینی فوج سے جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ یوکرینی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی حملے میں تباہ ماریوپول تھیٹر کے ملبے سے 130 افراد کو نکال لیا گیا ہے تاہم روس نے کسی حملے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ کارروائی خود یوکرینی ملیشیا نے کی تھی۔

ادھر یوکرین کے معاملہ پر امریکا کی ڈبل پالیسی سامنے آ گئی۔ چین سے روسی حملے رکوانے کیلئے مدد بھی مانگ لی۔ ساتھ ہی روس کی مدد کرنے پر چین کو پابندیوں کی دھمکی بھی دے ڈالی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو ویڈیو کال کی۔ 2 گھنٹے جاری رہنے والی گفتگو میں جوبائیڈن نے چین پر زور دیا کہ وہ یوکرین پر حملے بند کرنے کیلئے روس پر دباؤ ڈالے جس پر چینی صدر نے نیٹو اور واشنگٹن کو روس کے خدشات دور کرنے کا مشورہ دے دیا۔

دوسری طرف وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے نیوز بریفنگ میں دھمکی دی کہ روس کی مدد کرنے پر چین کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ادھر بلغاریہ نے 10 روسی سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ بلغارین وزارت خارجہ کے مطابق روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کیلئے 72 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے۔

روس نے یورو بانڈز پر سود کی مد میں 117 ملین ڈالر کی ادائیگیاں کرکے تاریخی ڈیفالٹ کا خطرہ ٹال دیا۔ یہ رقم ایجنٹ سٹی بینک کی لندن برانچ کو رقم موصول ہو گئی۔ ترجمان کریملن کے مطابق روس کے پاس بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیلئے کافی فنڈز موجود ہیں۔

روسی صدر نے ماسکو اسٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمیں کیا کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے۔ روس جتنا آج متحد ہے، پہلے کبھی نہیں تھا۔ ہم اپنے سارے منصوبے پورے کریں گے۔