Thursday, May 2, 2024

روسی فوج کا خارکیف کے قریبی شہر سومی کا گھیراؤ، ماریوپول پر قبضے کیلئے بمباری

روسی فوج کا خارکیف کے قریبی شہر سومی کا گھیراؤ، ماریوپول پر قبضے کیلئے بمباری
March 5, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو/ کیف (92 نیوز) - روسی فوج نے خارکیف کے قریبی شہر سومی کا بھی گھیراؤ کرلیا، ماریوپول پر قبضے کیلئے رات بھر بمباری جاری رہی، نیٹو نے یوکرین کو نوفلائی زون قرار دینے کا مطالبہ مسترد کردیا۔

یوکرین کو غیرمسلح کرنے کیلئے روسی کارروائیاں جاری ہیں، خارکیف کے قریبی شہر سومی کا بھی گھیراؤ کرلیا۔ ماریوپول بھی رات بھر بمباری کا نشانہ بنا رہا جبکہ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ اس کی فوج نے خیرسن کے قریبی شہر مائیکو لائیو پر حملہ پسپا کردیا ہے۔

نیٹو نے یوکرین کو نوفلائی زون قرار دینے کا مطالبہ مسترد کردیا، نیٹو چیف چینز اسٹولٹن کا کہنا ہے کہ نوفلائی زون قرار دینے سے تیسری عالمی جنگ چھڑنے کا خدشہ ہے۔

یوکرین کو نوفلائی زون قرار نہ دینے پر یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی نیٹو پر برس پڑے، کہا کہ مغربی اتحاد کا انکار پیوٹن کو بمباری کا گرین سگنل دینے کا مترادف ہے، ہمیں مرنے کیلئے اکیلا چھوڑ دیا گیا ہے، یاد رکھیں یوکرین نہ رہا تو یورپ بھی نہیں بچے گا۔

یوکرینی وزیرخارجہ دمترو کولیبا کا بھی کہنا ہے کہ ہمیں نیٹو کے ہتھیاروں کے زیادہ اس کی مدد کی ضرورت ہے، آج کے بعد جو بھی یوکرینی شہری مرا، کا ذمہ دار نیٹو ہوگا، تاہم امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے تسلی دی ہے کہ نیٹو اتحاد اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرے گا۔

روس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین میں امریکی تربیت یافتہ داعس کے دہشت گرد لڑ رہے ہیں، امریکا نے ان دہشت گردوں کو شام کے قیدخانوں سے رہا کیاہے، روسی فارن انٹیلی جنس سروس کے مطابق امریکا اور برطانیہ نے اس مقصد کیلئے پولینڈ میں ہتھیاروں اور جنگجوؤں کا مرکز قائم کیا ہے۔

ادھر روس نے جعلی معلومات پھیلانے پر 15 سال قید کا بل منظور کرکے فیس بک، ٹویٹر اور یوٹیوب پر پابندی عائد کردی ہے، بل کی منظوری کے بعد بی بی سی سمیت مغربی میڈیا نے روس میں اپنا آپریشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری طرف توقع کی جا رہی ہے کہ یوکرین اور روسی نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور آج یا کل بیلاروس میں ہوگا، اس سے پہلے مذاکرات میں دونوں ملکوں کے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔