Friday, April 26, 2024

روس یوکرینی فوج کو تھکانے کی پالیسی پر گامزن، حملے کے بجائے کیف کا محاصرہ شروع

روس یوکرینی فوج کو تھکانے کی پالیسی پر گامزن، حملے کے بجائے کیف کا محاصرہ شروع
March 4, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس یوکرینی فوج کو تھکانے کی پالیسی پر گامزن ہو گئی۔ حملے کے بجائے کیف کا محاصرہ شروع کر دیا۔

روسی فوج کا 40 کلومیٹر قافلہ شہر کے باہر موجود ہے۔ شہر میں داخل ہونے سے گریز کیا جارہا ہے۔ مبصرین کے مطابق روس کیف کا محاصرہ کرکے ہرقسم کی سپلائی بند کرنا چاہتا ہے جبکہ بمباری سے مخصوص ٹارگٹس کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

یوکرینی شہر چرنی ہیف پر روسی حملے میں ایک عمارت تباہ ہوگئی جبکہ 33 افراد ہلاک ہو گئے۔ بندرگاہ پر حملے میں 2 کارگو جہازوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ بنگلہ دیش کا جہاز تباہ ہو گیا اور اس کے عملے کا ایک رکن ہلاک ہوا۔

فرانسیسی صدر نے اپنے روسی ہم منصب کو فون کیا۔ 90 منٹ جاری رہنے والی بات چیت میں پیوٹن نے واضح کیا کہ مغرب نے جو روس مخالف بیانیہ بنایا ہے ہم اسے برباد کر دیں گے۔ ہمارا آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ یوکرین کو اسلحہ سے پاک کرکے ہی دم لیں گے۔

روس نے یورپ کو گیس کی سپلائی بھی روک دی ہے جس سے یورپ میں گیس کا بحران شدید ہونے لگا ہے۔ یورپ اپنی 40 فیصد گیس کی ضروریات روس سے پوری کرتا ہے۔

بدلتی صورتحال کے پیش نظر امریکا اور روس کی درمیان فوجی ہاٹ لائن قائم کردی گئی ہے جس کا مقصد کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ یوکرین کے صدر نے یورپ سے جنگی طیارے دینے کی اپیل کرتے ہوئے روسی صدر کو براہ راست مذاکرات کی دعوت بھی دے دی ہے۔ ولادی میر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یورپی یونین میں شامل ہونا یوکرین کی ترجیح نہیں۔

سعودی عرب نے روس اور یوکرین میں ثالثی کرانے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روسی اور یوکرینی صدور سے ٹیلیفونک گفتگو میں کی۔

ادھر روس اور یوکرین انسانی امداد کیلئے عارضی جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ بیلاروس میں ہونے والے مذاکرات کے دوران دونوں ملکوں نے جنگ زدہ علاقہ چھوڑنے والوں کو بھی راستہ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ مذاکرات اگلے ہفتے پھر ہوں گے۔

انٹرپول نے روس کو تنظیم سے نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔ روس کا نکالنے کا مطالبہ کینیڈا، برطانیہ اور پولینڈ نے کیا تھا جبکہ اسرائیل نے روسی میڈیا پر پابندی لگانے کیلئے یوکرین کی اپیل بھی مسترد کر دی ہے۔ چین نے ان خبروں کی تردید ہے کہ اس نے روس سے ونٹر اولمپکس ختم ہونے سے پہلے یوکرین پر حملہ نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔