کیف (92 نیوز) - روس، یوکرین مذاکرات میں مثبت پیشرفت سے خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہو گئی۔ برطانوی برینٹ خام تیل سستا ہو کر ایک سو بارہ ڈالر فی بیرل کا ہو گیا۔
یوکرین میں روسی کارروائیاں رکنے کا عالمی مارکیٹس پر مثبت اثر پڑا ہے۔ خام تیل، سونا، قیمتی دھاتیں اور ملائیشین پام آئل سستا ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 108 ڈالر، 30 سینٹ ہو گئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 102 ڈالر، 20 سینٹ فی بیرل ہو گیا۔
دوسری طرف امریکا نے تیل کی قیمتوں میں مزید کمی کیلئے اپنے ہنگامی ذخائر سے یومیہ 10 لاکھ بیرل تیل ریلیز کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ بلوم برگ کے مطابق امریکا 182 ملین بیرل تیل ریلیز کر سکتا ہے۔
خام تیل سستا ہونے کے بعد سونے کی فی اونس قیمت میں بھی فی اونس 8 ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد فی اونس سونا ایک ہزار، 931 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی 32 سینٹ کی کمی سے 24 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ تانبہ فی گرام 25 سینٹ سستا ہوا جس کے بعد اس کی قیمت 4 ڈالر، 74 سینٹ فی گرام ہو گئی۔ پلاٹینم کی قیمت 11 ڈالر کی کمی سے 990 ڈالر فی اونس ہو گئی۔
عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت 35 ڈالر کی کمی سے ایک ہزار، 553 ڈالر ہو گئی جبکہ گندم کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا۔ فی ٹن گندم 9 یورو، 25 سینیٹ اضافہ سے 363 یورو فی ٹن ہو گئی۔
ادھر امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں مندی کا رجحان رہا۔ ڈاؤ جونز انڈیکس میں 65، نیسڈیک انڈیکس میں 177 جبکہ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 29 پوائنٹ کی کمی ہوئی۔