Thursday, April 25, 2024

روس یوکرین مذاکرات بے نتیجہ ختم، خارکیو پر ماسکو کی شدید گولہ باری

روس یوکرین مذاکرات بے نتیجہ ختم، خارکیو پر ماسکو کی شدید گولہ باری
March 1, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے جنگ کی بساط کے ساتھ مذاکرات کی میز بھی سجادی، یوکرین کے جنگ ختم کرنے کے مطالبے پر مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ یوکرینی شہر خارکیو پر ماسکو کی شدید گولہ باری کی گئی، روسی فوجی کیف کے قریب پہنچ گئے۔

روسی فوج نے یوکرین کے مرکزی شہر خارکیو پر قہر نازل کردیا، روسی فوجیں یوکرینی دار الحکومت کیف کے دروازے تک پہنچ گئیں۔ روس نے جنگ کی بساط کے ساتھ مذاکرات کی میز بھی سجادی۔ یوکرین کی فوری جنگ کی بساط لپیٹنے کے مطالبے پر مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔

امریکی میڈیا نے روسی فوج کی کیف میں پیش قدمی کی نئی سیٹلائٹ تصاویر جاری کردیں۔ روسی فوج یوکرین کے دارالحکومت سے 17 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ دوسری جانب یوکرینی صدر نے غیر ملکی جنگجوؤں کو بغیر ویزا ملک میں داخلے کی اجازت دے دی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ہنگامی اجلا س شروع ہوگیا، سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی سوچ ناقابل فہم ہے۔ کل تک روس کے خلاف مذمتی قرارداد منظور ہونے کا امکان ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے جوہری جنگ کے امکانات کو مسترد کردیا، جوبائیڈن کہتے ہیں امریکی عوام کو جوہری جنگ کے بارے میں فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے روسی صدر جنگ کے نتائج کو جلد محسوس کر ینگے۔

بیلا روس کی سرحد پر روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کاپہلا دور بے نتیجہ ختم ہوگیا، لیکن،،دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔

دوسری جانب کینیڈا نے روس سے خام تیل کی تمام درآمدات پر پابندی عائد کردی، کینیڈین وزیراعطم جسٹن ٹروڈو کہتے ہیں یوکرین کو ٹینک شکن ہتھیار اور گولہ بارود بھی فراہم کریں گے۔