Tuesday, May 7, 2024

روس یوکرین جنگ کو تین ہفتے مکمل، روسی فورسز کا کیف کا گھیراؤ جاری

روس یوکرین جنگ کو تین ہفتے مکمل، روسی فورسز کا کیف کا گھیراؤ جاری
March 16, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس یوکرین جنگ کو تین ہفتے مکمل ہو گئے۔ روسی فورسز کا دارالحکومت کیف کا گھیراؤ جاری ہے۔ تازہ بمباری میں دو صحافیوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔

روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات آج دوسرے روز بھی جاری رہیں گے۔ یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی مذاکرات کی کامیابی کیلئے پرامید ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ کسی نتیجہ پر پہنچنے میں ابھی وقت لگے گا۔

روس کا مطالبہ ہے کہ یوکرین باقاعدہ اعلان کرے کہ وہ کبھی نیٹو میں شامل نہیں ہو گا جبکہ ڈونیسک اور لوہانسک کو بھی آزاد علاقے تسلیم کرے۔ دوسری طرف یوکرینی صدر کا بھی کہنا ہے کہ ہمیں یہ تسلیم کرلینا چاہئے کہ ہم کبھی نیٹو کے رکن نہیں بن سکتے۔

امن کوششوں کیلئے پولینڈ، چیک ریپبلک اور سلوینیا کے وزرا اعظم ٹرین کے ذریعے کیف پہنچے اور یوکرینی صدر سے ملاقات کی۔ تینوں وزرا اعظم نے معاملہ مذاکرات سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری طرف روسی کی فوج کی طرف سے یوکرین کے بڑے شہروں کا محاصرہ جاری ہے جبکہ ٹارگٹڈ میزائل حملے بھی کئے جارہے ہیں۔ راکٹ حملے میں  ڈنیپرو ایئرپورٹ کا رن وے تباہ ہو گیا۔ عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ کیف کے قریب ایک اور حملے میں امریکی ٹی وی کا کیمرہ مین اور یوکرین کی خاتون صحافی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک صحافی زخمی ہوا۔

روس نے امریکی صدر، وزیرخارجہ، وزیردفاع، سی آئی اے چیف، مشیر قومی سلامتی سمیت امریکا کی متعدد اعلیٰ شخصیات کے روس میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے جبکہ روس نے کونسل آف یورپ کو بھی چھوڑ دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کونسل میں اپنی اکثریت کو غلط استعمال کررہی ہے۔