Friday, March 29, 2024

روس یوکرائن تنازع، فرانسیسی صدر کی روسی ہم منصب سے ملاقات

روس یوکرائن تنازع، فرانسیسی صدر کی روسی ہم منصب سے ملاقات
February 8, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) روس، یوکرائن تنازع کو حل کرنے کیلئے ڈپلومیٹک کوششیں جاری ہیں۔ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور جرمن چانسلر اولاف شولس نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقاتیں کیں۔ 

روس یوکرائن تنازع کے حل کیلئے مختلف ممالک کی کوششیں جاری ہیں، تناؤ میں کمی کیلئے فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور جرمن چانسلر اولاف شولس نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقاتیں کیں۔

وائٹ ہاؤس میں جرمن چانسلر اولاف شولس نے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی، امریکی صدر کا کہنا تھا امریکا اور جرمنی یوکرائن کے معاملے پر روس کے خلاف متحد ہیں۔

جرمن چانسلر نے کہا جرمنی امریکا کا قریب ترین اتحادی ہے، روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

فرانسیسی صدر نے ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کے دوران کہا کہ جنگ سے بچنا چاہیے، یوکرائن پر مفید جواب کا خواہاں ہوں، روسی صدر نے کہا روس اور فرانس نے یورپ میں سکیورٹی ایشوز پر مشترکہ تشویش کا اظہار کیا ہے، ایمانوئل میکرون یوکرائن بحران کے حل کے لئے سنجیدہ نظر آئے ،لیکن ایک ملاقات میں فیصلہ کن پیش رفت کی توقع نہیں کی جاسکتی۔

یورپی یونین خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا یورپ کو سنگین سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے، سرد جنگ کے بعد یہ سب سے بڑا خطرہ ہے، یوکرائن بحران کے سفارتی حل پر زور دینا ہو گا۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا یورپ کی گیس سپلا ئی کو تحفظ فراہم کریں گے، روس کے حملے کی صورت میں یورپ میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہو گا۔