Sunday, September 25, 2022

روس یوکرائن پرمختصر نوٹس پر حملہ کرسکتا ہے، امریکی وزیر دفاع

روس یوکرائن پرمختصر نوٹس پر حملہ کرسکتا ہے، امریکی وزیر دفاع
February 20, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) امریکی وزیر دفاع نے پھرخبر دار کردیا کہ روس یوکرائن پرمختصر نوٹس پر حملہ کرسکتا ہے۔ یوکرائنی وزیر داخلہ کے مطابق روسی نیم فوجی یونٹ سرحدی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے۔

یوکرائن پر جنگ کا خطرہ نہ ٹل سکا،امریکی وزیر دفاع کے مطابق روس یوکرائن پر مختصر نوٹس پر حملہ کرسکتا ہے، بھر پورحملے کےلئے روس کے سریع الحرکت دستے بارڈر پر تیار ہیں، پیوٹن نے یوکرائن کے بارڈر پر مکمل جنگی ڈھانچہ تیار کر لیا ہے۔

یوکرائن کے وزیرداخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی نیم فوجی یونٹ یوکرائن کے سرحدی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، وزیر داخلہ کےمشرقی یوکرائن کے دورہ کے دوران مارٹر گولے فائرکئے گئے۔

نیٹو نے اپنا عملہ یوکرائن کے دارالحکومت سے نکال لیا،عملہ یوکرائن کے مغربی شہروں میں منتقل ہونے لگا،،نیٹو حکام کے مطابق روس کے ممکنہ حملے کے پیش نظر اسٹاف کو منتقل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب جرمن ایئر لائن نے یوکرائن کیلئے پروازیں معطل کر دیں۔

یوکرائن نے یورپی ممالک سے روس پر فوری طور پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنےکا مطالبہ کردیا،جرمنی میں سکیورٹی کانفرنس میں یوکرائنی صدر بولے یوکرائن روس کے خلاف یورپ کی مضبوط ڈھال ہے، یوکرائن پر روس کے حملے کا خطرہ بڑھ چکاہے ،یوکرائن کو عالمی برادری کی مضبوط حمایت کی ضرورت ہے۔

یوکرائن تنازع پر چین نے خاموشی توڑ دی،چینی وزیر خارجہ کا میونخ سکیورٹی کا نفرنس سےخطاب میں کہنا تھا کہ یوکرائن کو بڑی طاقتوں کے درمیان فرنٹ لائن نہیں بنناچاہیے ۔ تمام فریقین کو گہرائی کے ساتھ بات چیت کیلئے بیٹھنا چاہیے۔