Wednesday, April 24, 2024

روس، یوکرائن بحران پر ڈپلومیسی رنگ دکھانے لگی

روس، یوکرائن بحران پر ڈپلومیسی رنگ دکھانے لگی
February 9, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) روس، یوکرائن بحران پر ڈپلومیسی رنگ دکھانے لگی۔ یورپی یونین راہنما براعظم میں جنگ روکنے کیلئے پرعزم ہیں۔

یورپی یونین کے بڑوں نے برلن میں سر جوڑ لیے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، جرمن چانسلر اوولف شلس اور پولینڈ کے صدر اینڈرزیج ڈوڈا نے ملاقات میں جنگ روکنے کیلئے متحدہ موقف اپنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تینوں راہنماوں نے کہا کہ ان کا مقصد براعظم میں جنگ کو روکنا ہے۔

فرانسیسی صدر میکرون نے یوکرائنی ہم منصب ولادومیر زیلنسکی کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا روس اور یوکرائن کے  درمیان بات  چیت کا امکان موجود ہے۔ مغرب روس کے خدشات دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ روسی صدر پیوٹن نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کشیدگی کم کی جائے گی۔ یوکرائنی صدر نے کہا جنگ سے زیادہ مسئلے کا سفارتی حل بہتر ہو گا۔

جرمن وزیر خارجہ انا  لینا بیئر  بوک نے مشرقی یوکرائن میں سرحدی علاقے کا دورہ کیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے کنٹیکٹ لائن پر  متاثرین  سے گفتگو کی اور  یوکرائن  کو جرمنی  کی مکمل  حمایت  کا یقین  دلایا۔

بیلاروسی صدر لوکا شینکو نے کہا بیلا روس اپنے ملک  میں روس کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقیں کرے گا۔ مشترکہ فوجی مشقیں 10 سے 20 فروری تک ہو نگی اور یوکرائن سرحد پر روس کے دفاع میں بہتری آئے گی۔