Friday, March 29, 2024

روس سے تیل خریداری پر بھارتی کمپنی پر عالمی پابندیاں عائد

روس سے تیل خریداری پر بھارتی کمپنی پر عالمی پابندیاں عائد
August 25, 2022 ویب ڈیسک

ممبئی (92 نیوز) - روس سے تیل خریدنے پر بھارتی کمپنی پر عالمی پابندیاں لگا دی گئیں، دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت تقریبا 102 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، سونا، چاندی اور کھانے کا تیل بھی مہنگا ہوگیا۔

روس سے سستا تیل خریدنا بھارت کو مہنگا پڑ گیا، بھارتی ریفائنری فرم عالمی پابندیوں کی زد میں آگئی۔

تیل کی عالمی کمپنیوں اور بینکوں نے بھارتی فرم نیارا انرجی کے ساتھ لین دین بند کردیا، کینیڈا، لاطینی امریکا کے ممالک نے بھارتی کمپنی کو خام تیل کی فروخت پر پابندی لگا دی، یورپی ممالک نے بھی ریفائنری کے آلات کی فروخت بند کردی۔

عالمی پابندیوں کے بعد بھارتی فرم نیارا انرجی اب صرف مشرق وسطی، چین اور روسی کمپنیوں تک محدود ہوگئی۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی کمپنی روز نیفٹ بھارتی کمپنی نیارا انرجی میں 49 فیصد حصص کی مالک ہے۔

ادھر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، برطانوی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 101 ڈالر، 80 سینٹ تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے مستقبل کے سودے 95 ڈالر، 37 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 4 ڈالراضافےسے ایک ہزار، 765 ڈالر پر ریکارڈ کی گئی، چاندی فی اونس 11 سینٹ مہنگی ہونے کے بعد 19 ڈالر فی اونس ہوگئی، البتہ تانبے کی فی گرام قیمت میں کمی دیکھی گئی، 5 سینٹ کی کمی سے فی گرام تانبہ 3 ڈالر، 64 سینٹ کا ہوگیا۔

طلب میں اضافہ کے باعث عالمی مارکیٹ میں مسلسل دوسرے ہفتے ملائیشین پام آئل کی قیمت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، فی ٹن ملائیشین پام آئل 12 ڈالر، 70 سینٹ اضافہ سے 956 ڈالر اور 11 سینٹ کا ہوگیا۔