اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے روس سے تیل خریدنے کیلئے حکومت چند ماہ میں اہم قدم اٹھائے گی۔
پاکستان نے روس سے پٹرولیم مصنوعات خریدنے کے فیصلہ کر لیا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں آئندہ چند ماہ میں حکومت اہم قدم اٹھائے گی۔ اسحاق ڈار نے دبئی میں مسلم لیگ ورکرز سے خطاب میں کہا کہ گزشتہ ماہ دورہ امریکہ کے دوران ان کی امریکی محکمہ خارجہ کے حکام سے ملاقات ہوئی ۔ امریکی حکام سے کہہ دیا ہے کہ وہ ہمیں روس سے آئل خریدارنے سے روک نہیں سکتے کیونکہ ہمارا ہمسایہ ملک بھی روس سے خرید رہا ہے ۔ ملاقات میں طے ہوا کہ ہم روس سے آئل خرید سکتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ملاقات میں امریکی حکام نے بتایا کہ وہ ایک جی سیون کا پلیٹ فارم بنانے لگے ہیں۔ جی سیون کا پلیٹ فام ایک ریٹ طے کرے گا اس سے اوپر روس سے آئل کوئی نہ خریدے ۔ ہم نے کہا کہ آپ ایک کیپ لگا دیں ہم مفت سے شروع ہونگیں اور کہیں گے ہمیں مفت آئل دیدیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ انڈیا کیساتھ جو روس کی ٹرمز ہیں اس جیسا معاملہ ہمارے ساتھ بھی کیا جائے ۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکام سے ملاقاتیں ہوئیں ۔ ملاقاتوں کا مجموعی نتیجہ یہ ہے کہ وہ پاکستان میں گوادر کے اندر ایک ریفائنری لگائیں گے۔ سعودی عرب گیارہ، بارہ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔