Thursday, April 18, 2024

روس نے یوکرینی علاقوں کے الحاق کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کر دی

روس نے یوکرینی علاقوں کے الحاق کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کر دی
October 1, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے یوکرینی علاقوں کے الحاق کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد ویٹو کر دی۔ اجلاس سے چین اور بھارت غیر حاضر رہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے سلامتی کونسل میں پیش قرار داد میں روسی اقدام کی مذمت اور یوکرین کی سرحدوں میں تبدیلی کو تسلیم نہ کرنے پر زور دیا گیا تھا ۔ قرار داد میں 24 فروری تک یوکرین سے روسی فوج کا انخلا مکمل کرنے کا مطالبہ بھی شامل تھا  تاہم روس نے قرار داد ویٹو کر دی۔

گزشتہ روز روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے 4 علاقوں کو اپنے ملک کا حصہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان یوکرین کے ان خطوں میں ایک ریفرنڈم کے بعد کیا گیا جس کے نتائج میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 99 فیصد عوام روس کا حصہ بننے کے خواہشمند ہیں۔

پانچ روز جاری رہنے والی پولنگ کے نتائج کو یوکرین اور مغربی ممالک نے مسترد کر دیا تھا۔ روسی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'ڈونیٹسک،لوہانسک، خیرسون اور زاپورزیا علاقوں کے عوام اب ہمارے ہم وطن بن گئے ہیں'۔

دوسری جانب نیویارک میں روسی قونصل خانے کی دیواروں پر سرخ رنگ پھینک دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، واقعہ روس کی یوکرین میں خونی جنگ کے خلاف احتجاج کی کڑی ہے۔