Friday, April 26, 2024

روس نے یوکرین پر حملے بڑھا دئیے، کیف کے شاپنگ سنٹر پر حملے میں آٹھ افراد ہلاک

روس نے یوکرین پر حملے بڑھا دئیے، کیف کے شاپنگ سنٹر پر حملے میں آٹھ افراد ہلاک
March 22, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس نے یوکرین پر بمباری اور حملے بڑھا دئیے۔ کیف کے شاپنگ سنٹر پر حملے میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

یوکرین کی طرف سے ہتھیار ڈالنے سے انکار کے بعد روسی حملوں میں اچانک تیزی آئی۔ کیف، ماریوپول اور خار کیف میں روسی حملوں سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

کیف میں رہائشی علاقے اور ایک شاپنگ سنٹر کو نشانہ بنایا گیا جس میں 8 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حملوں کے بعد کیف کے میئر نے شہر میں صبح 10 سے شام 7 بجے تک کرفیو لگا دیا۔ روسی بحریہ نے ساحلی شہر اوڈیسہ پر بھی گولہ باری کی۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق کیف کے شاپنگ سنٹر میں گولہ بارود کا ڈپو تھا اور یوکرینی فوج اسے راکٹ لانچر کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔ ترجمان کے مطابق شاپنگ سنٹر کو طویل مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

روس نے جاپان کے ساتھ امن معاہدہ ختم کر دیا۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق معاہدہ جاپان کی طرف سے پابندیاں لگائے جانے کی وجہ سے ختم کیا گیا ہے۔ دوسری طرف روس نے پیوٹن کو جنگی مجرم قرار دینے پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔

امریکا کا کہنا ہے کہ تنازعات کے باوجود روس سے سفارتی تعلقات ختم نہیں کئے جائیں گے کیونکہ امن کیلئے رابطے برقرار رہنا ضروری ہے۔ یورپی یونین بھی روسی تیل کی درآمد کے حوالے سے اختلافات کا شکار ہے۔ وزرا خارجہ اجلاس میں جرمنی سمیت کئی ممالک کا کہنا تھا کہ روسی تیل کے بغیر ہماری معیشت تباہ ہو سکتی ہے۔

ادھر روس کی عدالت نے انسٹاگرام اور فیس بک کو شدت پسند ادارے قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی لگا دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ انسٹا گرام اور فیس بک انتشار پھیلانے میں ملوث ہیں۔