Thursday, April 18, 2024

روس نے یوکرین کے شہروں بيرديانسک اور میٹرولپول کے بعد خیرسون پر بھی قبضہ کر لیا

روس نے یوکرین کے شہروں بيرديانسک اور میٹرولپول کے بعد خیرسون پر بھی قبضہ کر لیا
March 2, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس نے یوکرین کے شہروں بيرديانسک اور میٹرولپول کے بعد خیرسون پر بھی قبضہ کر لیا۔ دارالحکومت کیف پر قبضے کیلئے جنگ جاری ہے۔

امریکا اور اس کے اتحادیوں کی پابندیاں روس کو اپنے ارادوں سے نہ روک سکیں۔ روسی فوج نے یوکرین کے شہروں بيرديانسک اور میٹرولپول کے بعد خیرسون پر بھی قبضہ کر لیا۔

خیرتون کی مقامی کونسل کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ میزائل حملے کے بعد کئی رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔

روسی فوج دارالحکومت کیف پر قبضہ کیلئے پیش قدمی کر رہی ہے۔ تازہ حملوں میں فوج کو اٹلری کے ساتھ ساتھ فضائی فوج کی بھی مدد حاصل ہے۔ گولہ باری سے بوروجانکا میں اپارٹمنٹ تباہ ہو گیا جبکہ زیتومیر شہر پر بمباری سے 10 گھروں اور ایک اسپتال کو نقصان پہنچا۔

روسی فوج نے کیف میں ہولوکاسٹ کی یادگار کے قریب ٹی وی اسٹیشن کو بھی نشانہ بنایا۔ یوکرینی وزارت خارجہ کے مطابق حملے میں 5 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوئے ہیں۔

ادھر امریکا نے روسی طیاروں کیلئے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ امریکی صدر نے اپنے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں کہا کہ نیٹو ممالک کے تحفظ کیلئے امریکی فوج بھجوا رہے ہیں۔ روسی صدر کو پتہ ہی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہونے والا ہے۔

دوسری طرف پابندیوں کے بعد روسی کرنسی روبل کی قیمت 30 فیصد تک گرنے کے بعد صدر پیوٹن نے ملک سے باہر 10 ہزار ڈالر سے زیادہ لے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔ صدارتی حکم نامے کا اطلاق آج سے ہو گا۔