Friday, April 19, 2024

روس کا یوکرائن پر حملہ، ائیر ڈیفنس سسٹم سمیت دیگر تنصیبات تباہ کرنیکا دعویٰ

روس کا یوکرائن پر حملہ، ائیر ڈیفنس سسٹم سمیت دیگر تنصیبات تباہ کرنیکا دعویٰ
February 24, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو/ کیف (92 نیوز) دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑی محاز آرائی۔ روس نے مشرقی یورپ کے ملک یوکرائن پر حملہ کردیا۔ 

طبل جنگ بج گیا، روس کی فوجیں یوکرائن میں داخل ہوگئیں، مغرب اور روس آمنے سامنے آگئے، امریکا اور مغرب کی دھمکیاں اور پابندیاں کسی کام نہ آئیں۔ روس نے یوکرائن پر تین اطراف سے حملہ کردیا۔ یوکرائن کے کئی شہروں پر میزائل حملے بھی جاری ہیں۔

دارالحکومت کیف میں افراتفری پھیل گئی۔ روس نے یوکرائن کے ائیر ڈیفنس سسٹم سمیت دیگر تنصیبات کو تباہ کرنے کے کا دعویٰ کردیا۔

روسی حملوں کے بعد یوکرائن نے جنگ کا سائرن بجایا اور ملک میں مارشل لا کا نفاذ کردیا۔ یوکرائن نے 50 روسی فوجی، 4 ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کیف میں شہری بینکوں سے رقوم نکالنے اور کھانے پینے کی اشیاء جمع کرنے لیے کافی مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ شہر کی مغربی جانب جانے والی سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گئی تھی۔

دارالحکومت کیف سمیت متعدد شہروں میں دھماکوں اور جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ روس نے یوکرائن کے سرحدی علاقوں میں نوفلائی زون قائم کردیا۔ یوکرائن نے بھی اپنی فضائی حدود کو شدید خطرے کے پیش نظر مسافر پروازوں کے لیے بند کردیا ہے۔

حملے سے پہلے ٹی وی پر خطاب میں روسی صدر ولادی میر پوٹن نے مشرقی یوکرائن میں فوجیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہتھیار ڈال کر اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔ انہوں نے دھمکی دی کہ کسی نے بھی روس کے خلاف جارحیت کی تو ماسکو کا ردعمل فوری ہوگا۔

روسی میڈیا کے مطابق خودمختار علاقے ڈونباس کے تحفظ کیلئے صدر پوٹن کے حکم پر فوجی آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس دوران کئی مقامات پر لڑائی جاری ہے۔

یوکرائنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مشرقی یوکرائن میں 50 روسی فوجی ہلاک جبکہ 6 روسی طیارے تباہ کر دیئے ہیں۔ اس سے قبل یوکرائنی فوج کی جانب سے 5 روسی طیاروں اور ایک ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ سامنے آیا تھا۔