Thursday, April 25, 2024

روس کی یوکرین کے مختلف علاقوں میں گولہ باری سے انیس افراد ہلاک

روس کی یوکرین کے مختلف علاقوں میں گولہ باری سے انیس افراد ہلاک
August 11, 2022 ویب ڈیسک

کیف (92 نیوز) - روس کی یوکرین کے مخلتف علاقوں میں گولہ باری سے انیس افراد ہلاک اور تیرہ زخمی ہو گئے۔

یوکرین جنگ 168ویں  روز  میں داخل ہو گئی۔ ہرطرف تباہی اور ملبے  کے ڈھیر نظر آنے لگے۔ خوشحال  یوکرین  اب  کھنڈر بنتا جارہا ہے ۔ جنگ کی تباہ کاریوں کی وجہ سے گندم  کی پیداوار میں رواں سال پچاس فیصد کمی ہو گئی ۔

خبر ایجنسی کے مطابق   مارہانٹس قصبے پر  روسی حملے سے 13 افراد ہلاک ،10 زخمی ہوئے  ہیں۔ اس طرح   مشرقی یوکرین کے شہر باخموت پر روسی حملوں میں چھ  افراد ہلاک ،  3 زخمی ہوئے  ہیں ۔ برطانیہ کی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ 30 دنوں کے دوران بخموت شہر روسی حملوں کا مرکز ہے    جبکہ یوکرینی فوج   کھیرسن کے علاقے پر دوبارہ  قابض  ہونے کی کوشش کررہی  ہے ۔

یوکرینی فضائیہ  نے دعوی کیا ہے کہ کریمیا میں ایئربیس پر دھماکوں  سے 9 روسی جنگی  طیارے  تباہ  ہو گئے ۔  یوکرینی ملٹری کمانڈ کا کہنا ہے کہ    روس کے زیر قبضہ دریائے نیپر پر پل کو تباہ کر دیا جس سے روس  کے لئے رسد جاری  رکھنا مشکل ہو جائے گا ۔

 ادھر ماسکو میں  چینی  سفیر ژانگ ہنہوئی نے    امریکا کو یوکرین بحران کا ذمہ دار قرار دے دیا  ۔ روسی  خبر ایجنسی کو انٹر  ویو میں انہوں  نے کہا کہ امریکا نے روس کو کمزور  کرنے کے لئے یوکرین بحران پیدا کیا۔ امریکا پابندیوں   اور جنگ کے ذریعے   روس کو کچلنا  چاہتا ہے۔

دوسری طرف روس نے سلواکیہ کو تیل  کی  سپلائی بحال کر دی ۔ خبر ایجنسی  کے مطابق ٹرانزٹ ادائیگی کا مسئلہ حل ہونے پر سپلائی بحال ہوئی  ہے ۔ پولینڈ  اور ہنگری کو بھی تیل  کی سپلائی جلد بحال ہونے کا امکان ہے ۔

اقوام  متحدہ کا  کہنا  ہے کہ یوکرین سے گندم کی پہلی شپمنٹ اگلے ہفتے متوقع ہے ۔ یوکرین سے  12 بحری جہاز تین لاکھ 70 ہزار ٹن مکئی لے کر جا چکے  ہیں  جس  سے عالمی غذائی بحران سےنمٹنے  میں مدد ملے  گی ۔