Friday, April 26, 2024

روس کی شام میں کرد باغیوں کیخلاف کارروائی میں ترکیہ کی حمایت کا اعلان

روس کی شام میں کرد باغیوں کیخلاف کارروائی میں ترکیہ کی حمایت کا اعلان
August 6, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن سے 2 ہفتے میں دوسری ملاقات کی، ملاقات میں پیوٹن نے شام میں کرد باغیوں کیخلاف کارروائی میں ترکیہ کی حمایت کا اعلان کردیا۔

ترک صدر شام میں کرد باغیوں کی سرکوبی کیلئے سرگرم ہوگئے، 2 ہفتے میں روسی ہم منصب سے دوسری ملاقات ہوئی، باغیوں کیخلاف کارروائی میں روسی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

روس کے ایک ریزوٹ میں ہونے والی 4 گھنٹے طویل ملاقات میں ٹرانسپورٹ، زراعت، مالیات اور تعمیراتی صنعتوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔ ترکیہ روسی گیس کی کچھ ادائیگی روبل میں کرنے پر بھی راضی ہوگیا۔

ملاقات میں استنبول معاہدے کے مکمل نفاذ کی ضرورت پر بھی روز دیا گیا۔ ترک صدر نے روسی ہم منصب کو یقین دہانی کرائی کہ ان کا ملک روسی اناج، کھاد اور خام مال کی بلا روک ٹوک برآمد میں تعاون کرے گا۔

ادھر یوکرین میں یورپ کے سب سے بڑے ایٹمی پلاٹ پر حملے کے بعد وہاں سے تابکاری کے اخراج کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ یوکرین اور روس کا ایک دوسرے پر الزام ہے کہ اس نے ایٹمی پلانٹ زپوریز پر حملہ کیا۔

دوسری طرف یورپی یونین نے روسی گیس کے استعمال میں 15 فیصد کٹوتی کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ اقدام کا مقصد سردیوں کیلئے گیس کی اسٹوریج میں اضافہ کرنا ہے،تاہم پولینڈ اور ہنگری نے یورپی یونین کے منصوبے کو ناقابل عمل قراردے کر مسترد کردیا۔ ہنگری نے یورپی یونین کے گیس قوانین کی قانونی حیثیت پر سوال اُٹھا دیا۔