Thursday, April 25, 2024

روس کی پاکستان کو گیس کی فراہمی کی پیش کش

روس کی پاکستان کو گیس کی فراہمی کی پیش کش
September 16, 2022 ویب ڈیسک

سمرقند (92 نیوز) - روس نے پاکستان کو گیس کی فراہمی کی پیش کش کر دی۔

ازبکستان کا شہر سمرقند عالمی سیاست کا محور بن گیا۔ دنیا نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پر نظریں جما رکھی ہیں۔ ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شہباز شریف کر رہے ہیں۔ اجلاس سے قبل پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف اور روسی صدر پیوٹن کے درمیان سائیڈ لائن پر ملاقات ہوئی۔

صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان اور  روس کے درمیان ریلوے  اور  توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کو روس سے بذریعہ پائپ لائن گیس کی فراہمی پر آمادگی ظاہر کی۔

عالمی میڈیا کے مطابق روسی صدر نے کہا کہ پاکستان کو گیس سپلائی روس، قازقستان اور  ازبکستان کے پہلے سے بنے انفرااسٹرکچر سے ممکن ہے، پاکستان میں ایل این جی فراہمی کے لیے انفرااسٹرکچرکی تعمیر بھی قابل توجہ ہے۔ روسی صدر نے کہا  پاکستان کو جنوبی ایشیا میں روس کے اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں اور وقت کے ساتھ پاک روس تعلقات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

اس موقع پر روسی صدر نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید امداد بھیجنے کا عندیہ بھی دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے روس کی جانب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پر سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے اظہار یکجہتی اور حمایت پر صدر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان روس تعلقات کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک کے فوڈ سیکیورٹی، تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور سیکیورٹی سمیت باہمی فائدے کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔