Saturday, May 18, 2024

روس کی گیس سپلائی بند کرنیکی دھمکی، یورپی یونین قیمتیں محدود کرنے کے اعلان سے دستبردار

روس کی گیس سپلائی بند کرنیکی دھمکی، یورپی یونین قیمتیں محدود کرنے کے اعلان سے دستبردار
September 10, 2022 ویب ڈیسک

برسلز (92 نیوز) - روس کی گیس سپلائی بند کرنے کی دھمکی کام کر گئی، یورپی یونین روسی گیس کی قیمتوں کو محدود کرنے کے اعلان سے پیچھے ہٹ گئی، بحران سے نمٹنے کیلئے یورپی توانائی کی فرموں کے منافع کو کم پراتفاق کیا گیا۔

روس کا گیس کا ہتھیار کارگر ثابت ہوا، یورپ توانائی کے محاذ پر پسپا ہوگیا۔ روسی گیس کی قیمت محدود کرنے کے فیصلہ پر یورپی یونین میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، برسلز میں ہونے والے اجلاس میں پولینڈ، ہنگری، ڈنمارک اور جمہوریہ چیک سمیت متعدد یورپی ممالک نے روسی گیس کی قیمت محدود کرنے سے انکار کردیا، ان ممالک کا موقف ہے کہ وہ اپنی تباہی کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔

یورپی کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں روسی گیس کی قیمتوں کو محدود کرنے سے روس گیس کی سپلائی دوسرے خطوں کی طرف موڑسکتا ہے، جس سے یورپ انتہائی ضروری ایندھن سے محروم ہو جائے گا۔

یورپی سنٹرل بینک کی سربراہ کرسٹین لیگارڈ کا کہنا ہے حکومتو ں یا مرکزی بینکوں کو نہیں بلکہ توانائی کی فرموں کو مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے دباؤ میں مدد کرنا چاہئے۔

وزرا توانائی کے اجلاس میں پہلی بار پیوٹن کی مذمت سے گریز کیا گیا، یوکرین بحران پر بھی بات نہیں کی گئی، یورپی یونین سوموار تک تجاویز کا حتمی مسودہ تیار کرے گی۔