Friday, April 19, 2024

روس کی یورپی یونین کو گیس کی قیمت روبل میں ادا کرنے کیلئے 31 مارچ تک کی ڈیڈلائن

روس کی یورپی یونین کو گیس کی قیمت روبل میں ادا کرنے کیلئے 31 مارچ تک کی ڈیڈلائن
March 29, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) - روس نے یورپی یونین کو گیس کی قیمت روبل میں ادا کرنے کیلئے 31 مارچ تک کی ڈیڈلائن دے دی تاہم جی سیون ممالک نے روس کو روبل میں ادائیگی سے انکار کردیا، متحدہ عرب امارات نے خبردار کیا کہ روس نے تیل کی سپلائی بند کردی تو قیمتیں کنٹرول سے باہر ہوجائیں گی۔

روس نے یورپی یونین کو گیس کی ادائیگی روبل میں کرنے کیلئے 31 مارچ کی ڈیڈلائن دے دی۔ ترجمان کریملن دمتیری پیکوف کا کہنا ہے کہ یورپ نے روسی کرنسی میں ادائیگی نہ کی تو سپلائی بند کردی جائے گی۔

دوسری طرف جی سیون ممالک نے روس کو روبل میں ادائیگیوں کی تجویز مسترد کردی، ورچوئل کانفرنس میں جرمن وزیر توانائی رابرٹ ہیبیک کا کہنا تھا کہ یورپی کمپنیاں روسی صدر کے مطالبے کی تعمیل نہ کریں۔

دوسری طرف بھارت نے روسی تیل روبل میں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کیلئے پانچ قومی بینکوں کو روبل میں ادائیگیاں کرنےکی اجازت دی جائے گی۔ انڈین ایکسپورٹ فیڈریشن کے مطابق روبل، روپیہ ادائیگی نظام پر امریکی پابندیاں اثرانداز نہیں ہوں گی۔

ادھر متحدہ عرب امارات کے وزیر پٹرولیم سہیل المزروی نے امریکا اور یورپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے تیل کی سپلائی بند کردی تو قیمتیں کنٹرول سے باہر ہوجائیں گی کیونکہ عالمی مارکیٹ میں روسی تیل کا کوئی متبادل نہیں۔

دوسری طرف یوکرین اور روس میں مذاکرات کے آغاز اور چین میں کورونا پابندیوں کے بعد ڈیمانڈ میں کمی سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 10 ڈالر تک کمی دیکھی جارہی ہے، فی بیرل برینٹ کروڈ آئل 111، 20سینٹ کا ہوگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ آئل کے مستقبل کے سودے 104 ڈالر اور 80 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں قیمتی دھاتیں بھی سستی ہوئی ہیں، سونے کی فی اونس قیمت 17 ڈالرکی کمی سے ایک ہزار، 922 ڈالر ہوگئی، پلاٹینیم 4 ڈالر سستا ہونے کے بعد فی اونس 986 ڈالر جبکہ پلاڈیئم 90 سینٹ کی کمی کے بعد 2 ہزار، 241 ڈالر فی اونس ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت میں بھی 9 ڈالر کی کمی آئی، جس کے بعد فی ٹن پام آئل ایک ہزار، 560 ڈالرکا ہوگیا۔

امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی 2 ہفتے کی مندی کے بعد معمولی بہتری آئی، ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 94 اور نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 185 پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔